
ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں ایک چوکی پر حملہ کرنے والے عسکریت پسندوں سے لڑتے ہوئے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 10 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ ڈان اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ نیم فوجی اہلکاروں اور عسکریت پسندوں کے درمیان اس جھڑپ میں تین اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
جنوبی وزیرستان میں چوکی پر حملے میں ایک فوجی شہید ہوگیا۔ چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے لیس عسکریت پسندوں نے حملہ کیا جس پر سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی بھی کی۔ تاہم حملے میں ایک فوجی شہید جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
وانا میں جمعے کی شام ایک دھماکے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ ایس ایچ او مزمل وزیر گھر جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں کانسٹیبل محاز وزیر کے ساتھ مزمل زخمی ہوئے۔ جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا۔
ضلع خیبر میں پولیس حکام کے مطابق نامعلوم عسکریت پسندوں نے ملاگوری پولیس اسٹیشن پر جمعہ کی صبح حملہ کیا۔ فائرنگ کے دوران کانسٹیبل ثاقب خان نے جام شہادت نوش کیا۔ ان کی نماز جنازہ بعد ازاں پولیس ٹریننگ سینٹر شاہ کس میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راؤ مظہر اقبال، ایس پی انویسٹی گیشن نورالامین اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
ایک اور حملے میں پردی خیل روڈ پر گشتی پولیس پارٹی سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس اہلکاروں کےمطابق عسکریت پسندوں کی شناخت گلدار علی عرف عاصم اور اویس عرف حارث کے نام سے ہوئی ہے، ان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔اس حملے میں پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، لکی مروت میں، مرمنڈی ملتان کے علاقے میں ایک 19 سالہ کیڈٹ عارف اللہ شام کی نماز کے دوران مسجد کے اندر حملہ آوروں نے شہید کر دیا۔حملے میں دو دیگر زخمی بھی ہوئے، پولیس نے بتایا کہ کیڈٹ چھٹی پر اپنے گاؤں جا رہا تھا۔
زخمی ہونے والے مقامی افراد نواز خان اور میر شاہ جہاں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
لکی مروت کے علاقے بخمل احمدزئی میں پولیس کی جوابی فائرنگ سے چار مسلح افراد ہلاک ہوگئے.پولیس نے دعویٰ کیا کہ اہلکاروں نے ناکے پر موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ دیا تو موٹرسائیکل سواروں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔پولیس کے مطابق جوابی فائرنگ سے چار مسلح افراد ہلاک ہوگئے